لاہور( سپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارے سب کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں ، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں،ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو ملانے سے ہی اچھا کمبی نیشن بنتا ہے ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کپ جیتنے کی گارنٹی نہیں دے سکتے تا ہم بہترین کھیل پیش کر سکتے ہیں ۔مکی آرتھر نے کہا کہ ہمارے پاس بائولنگ میں ورائٹی ہے ،پاکستانی ٹیم میں لیفٹ آرم ، رائٹ آرم، لیگ سپنر اور آف بریک بالر بھی موجود ہیں۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابر اعظم ہمارا بہترین بیٹسمین ہے ،اگر وہ لگاتار سنچری کرتا رہا تو پاکستان کے پاس جیتنے کا بہت اچھا چانس ہے ، ٹیم صرف ایک کھلاڑی پر اعتبار نہیں کرسکتی، ٹیم کا دارومدار پورے 15 کھلاڑیوں پر ہوتا ہے ، تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کو ملا کر اچھا کمبی نیشن بنتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم بھی فٹنس پر کام کر رہے ہیں، محمد حفیظ بھی فٹ ہیں، یاسرشاہ بھی فٹ ہیں، ہم بہترین حکمت عملی سے میدان میں اتریں گے اور اپنی طرف سے بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کی تیاری مکمل ہے اور تمام کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہیں، ہماری ٹیم مضبوط ہے اور بھرپور تیاری سے میدان میں اتری گی،ہم نے ماضی میں جو غلطیاں کی ہیں وہ نہیں دہرائیں اور ورلڈکپ میں اپنی شکست سے بڑھ کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں سرفراز نے کہا کہ سب کی مشاورت سے ٹیم بنی ہے ، ہم نے ان کھلاڑیوں پر سال سے زائد عرصہ محنت کی ہے ، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے ، صرف سکواڈ میں عماد وسیم مکمل فٹ نہیں، ٹیم کمبی نیشن کے لیے عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ، امید ہے کہ عماد وسیم مکمل فٹ ہوجائینگے ۔سرفراز نے کہا کہ ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہوں گے ، ہم چھ بلے باز لے کر جارہے ہیں اور میری اپنی کوشش ہوگی کہ ٹاپ 5 میں کھیلوں۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا ہمیں صرف بھارت ہی نہیں بلکہ ہر ٹیم سے میچ جیتنا ہے ، پاک بھارت میچ ہمیشہ ہی سنسنی خیز ہوتا ہے ، فائنل جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم کو نفسیاتی برتری حاصل ہے قوم یہ امید رکھے کہ ہم اچھا پرفارم کر سکتے ہیں۔