لاہور ،بیجنگ ،اسلام آباد،ملتان (جنرل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ،سپیشل رپورٹر،خبر نگار ، اے ایف پی )چین میں کرونا وائرس بے قابو ہوگیا، مزید 15 افراد ہلاک ہو گئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 41تک پہنچ گئی، پاکستان میں پہلی بار کرونا وائرس کے 5مشتبہ کیس سامنے آگئے ،ترجمان دفترخارجہ نے ووہان میں 500 پاکستانی طلبہ موجود ہونیکی تصدیق کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق چینی شہر ووہان میں وائرس سے مزید 15 افراد ہلاک ہو گئے ، سرکاری کمیشن برائے صحت کے مطابق اب تک1300 افراد متاثر ہوچکے ہیں ، فرانس ،امریکہ میں تین تین افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔برطانیہ میں بھی 13 افراد کو وائرس کے شبہ میں ہسپتال داخل کرایا گیا ہے ، چینی صدر نے انتباہ کیا کہ کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اوراہم ایک سنگین صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں ۔صدر ٹرمپ نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر چین کی تعریف کی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین میں اس وقت 800 پاکستانی سکونت پذیر تاجر ہیں اور 1500 پاکستانی تاجر چین میں تجارت کے سلسلے میں موجود ہیں، کئی پاکستانی طلبہ ،تاجر اپنے سفارت خانے میں اندراج نہیں کراتے ۔بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانی کمیونٹی خصوصاً طلبہ کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی، لاہورکے سروسزہسپتال میں کروناوائرس کی علامات والے چینی باشندوں کی تعداد3ہوگئی،تینوں چینی باشندے ووہان سے پاکستان پہنچے ،تینوں باشندوں کوطبیعت خراب ہونے پرسروسزہسپتال لایاگیا،ڈاکٹرزکے مطابق نزلہ ،زکام،کھانسی اورتیزبخارکی علامات کیساتھ آئے جنہیں آئسولیشن وارڈمنتقل کردیاگیا،تینوں کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آبادبھجوا دئیے گئے ۔ محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ میں چینی باشندوں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے ،ضلعی ہیلتھ اتھارٹیزکو چینی باشندوں کی رہائشگاہ کے دورے کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔ ڈی جی ہیلتھ آفس میں ڈبلیو ایچ او، سول ایوی ایشن، سٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹ کی سہولت آئندہ تین روز میں یقینی بنانے کا اعلان کردیا۔ ڈی جی ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت تک کوئی کنفرم مریض نہیں ہے ،حکومت سندھ نے بھی مقیم چینی باشندوں کی مانیٹرنگ ،سکریننگ کا فیصلہ کرلیا ہے ۔صوبائی محکمہ صحت کے فوکل پرسن ڈاکٹر عطا کے مطابق 40 سالہ فینگ فین کو انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں موجود چائنیز کیمپ سے تیز بخار کے باعث نشتر ہسپتال لایا گیا، چینی باشندہ ووہان سے براستہ دبئی کراچی اور پھر ملتان پہنچا تھا، اسے آئی سو لیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ، نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا نے کہا کہ چینی شہری کے نمونے اسلام آباد بھجوادئیے گئے ہیں ، قوی امکان یہی ہے فینگ فین کرونا وائرس کا شکار نہیں ہے ، جبکہ دوسرا متاثرہ شخص رحمت اللہ ہے جو چین سے واپس آیا ہے ۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کرونا وائرس پھیلنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے افواہوں پر مبنی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ڈاکٹر ظفرمرزا نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا ، مسافروں کی خود سکریننگ بھی کی اور بیجنگ سے آنے والی فلائٹ کے مسافروں کی سکریننگ کا جائزہ بھی لیا۔