راولپنڈی،اسلام آباد (92نیوز رپورٹ،سپیشل رپورٹر ) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے ایرانی چیف آف جنرل سٹاف نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جبکہ پاکستان نے کہاہے کہ علاقائی امن، استحکام کیلئے پاک، ایران تعاون ناگزیر ہے ۔وزیراعظم عمران خان اور ایرانی چیف آف جنرل سٹاف محمدباقری نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اورپاک ایران بارڈر پربھی بات چیت ہوئی،وزیراعظم نے ایرانی وفدکاپرتپاک استقبال کیا۔ ایرانی چیف آف جنرل سٹاف محمدباقری سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاپاک ایران سرحد امن و دوستی کی سرحد ہے ،بارڈر مارکیٹس کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ،دواضافی سرحدی کراسنگ پوائنٹس کھلنے سے نقل وحرکت میں مزید آسانی پیدا ہوگی،وزیراعظم نے معیشت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تجارت بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان پرامن افغانستان کاخواہشمندہے ۔وزیراعظم نے مسئلہ کشمیرکی صورتحال پرایران کی حمایت کاشکریہ اداکیا۔انہوں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا اور ایرانی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت کو دہرایا۔ دریں اثنا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی چیف آف جنرل سٹاف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ،ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، علاقائی سلامتی، سرحدی انتظام ، پاک ایران سرحد پر باڑ کی تنصیب سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے اعلی سطح وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو جا دورہ کیا۔، ایرانی چیف آف جنرل سٹاف کی آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا،مہمان خصوصی نے یادگار شہدا پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی چیف آف جنرل سٹاف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ،ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، علاقائی سلامتی، سرحدی انتظام ، پاک ایران سرحد پر باڑ کی تنصیب سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیاگیا جبکہ پاک،ایران عسکری قیادت علاقائی امن کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے دہشتگردی کے مشترکہ دشمن کے خلاف مشترکہ ردعمل پر بھی اتفاق کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان اور ایران دو برادر ملک ہیں، علاقائی امن، استحکام کے لیے پاک، ایران قریبی تعاون ناگزیر ہے ۔ملاقات میں وفود کی سطح پر ملاقات میں ایرانی وفد کو علاقائی سلامتی، آپریشنل امور پر جامع بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ایرانی چیف آف جنرل سٹاف نے پاک، ایران فوجی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔میجرجنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ ایران انسداد دہشتگردی اور تربیتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے ۔ میجر جنرل محمد باقری نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کادورہ کیااور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور، دفاع اور سلامتی سمیت دو طرفہ تعاون، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی صورتحال خصوصاً افغانستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ جنرل ندیم رضا نے کہا کہ فوجی اور سٹریٹجک تعاون کے حصول میں دونوں ممالک تمام قومی اور بین الاقوامی مسائل پر ایک مشترکہ رائے رکھتے ہیں۔ معزز مہمان نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔