دبئی ( گلف نیوز ) بین الاقوامی خلائی سٹیشن پہنچنے والے عرب دنیا کے پہلے خلا باز متحدہ عرب امارات کے ہزاع المنصوری کی خلا سے واپسی کے بعد ماں کو بوسہ دینے کی ویڈیو جاری ہوگئی ہے ، ہزاع المنصوری خلا کے سفرسے واپسی پر ابو ظہبی کے ائرپورٹ پر پہنچے تھے ، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے اپنی ماں کو ملتے ہوئے انہوں نے پہلے ماں کے قدموں کو بوسہ دیا، سر کو بوسہ دیا اور ماں کے گلے لگ گئے ، واپسی پر ہزاع کا شاہی پروٹوکول کے ساتھ استقبال کیا گیا، ابو ظہبی کے ولی عہد اور امارات کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ہفتے کی شام البتین ایگزیکٹو ائرپورٹ پر ہزاع اور ان کے ساتھی خلانورد سلطان النیادی کا پرتپاک استقبال کیا۔ ہزاع المنصوری 25 ستمبر کو روسی سپیس کرافٹ کے ذریعے قازقستان سے خلا کیلئے روانہ ہوئے اور چھ گھنٹے کے سفر کے بعد سپیس سٹیشن پہنچے تھے ۔