لاہور(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مشن اسلام آباد کے تحت سیاسی رابطے تیز کردیئے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی آج وزیراعظم پر بھر پور اعتمادکااظہار کریں گے ،پیسے کی بدولت ایک سیٹ جیت کرواویلا مچانے والوں کی ساکھ ختم ہو چکی ہے ،پی ڈی ایم ملکی مفادات کے مخالف سمت چل رہی ہے ، وزیر اعلیٰ نے وحدت روڈ پرڈور سے مقامی کالج کے لیکچرار کے جاں بحق ہونے اور رحیم یار خان میں ایک ہی خاندان کے 5افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی، سرائیکی کلچر ڈے پر مبارکباد پیش کی،تفصیلات کے مطابق عثمان بزدارنے سیاسی رابطے تیز کردیئے ہیں انہوں نے گزشتہ رات پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اراکین قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور،وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی،پرویز خٹک،شفقت محمود،بریگیڈئر(ر)اعجاز شاہ،حماد اظہر،فواد چوہدری،شیری مزاری،خسروبختیار، زرتاج گل،چیف وہپ قومی اسمبلی عامر ڈوگرکے علاوہ اراکین قومی اسمبلی نے بڑی تعداد نے عشائیہ میں شرکت کی،عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ ہم سب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ایک ہیں، عمران خان اور شفاف پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، اڑھائی برس میں ہماری حکومت کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں،پی ڈی ایم نے ہر موقع پر جمہوری،اخلاقی و سیاسی روایات کی دھجیاں اڑائیں اوراس کا ثبوت اسلام آباد سینٹ الیکشن ہیں جسے پوری قوم نے دیکھا، اپوزیشن فاؤل پلے کی عادی ہے لیکن اپوزیشن کو یہ بات ذہین نشین کرلینی چاہیے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی غلط شارٹ نہیں لگا سکتا،چندپیسوں کے عوض اپنے ضمیرفروخت کرنے والے ملک وقوم کے مجرم ہیں ۔دریں اثنا عثمان بزدارنے تھانہ مسلم ٹاؤن کے علاقے وحدت روڈ پرڈور پھرنے سے مقامی کالج کے لیکچرارآفتاب احمد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ۔ عثمان بزدار نے سرائیکی کلچر ڈے پر سرائیکی علاقے میں بسنے والے بہن بھائیوں کو مبارکباد دی ، عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب پاکستان کی ثقافت اورقدیم روایات کا امین ہے ۔