اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ،صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان سے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی سلامتی سے متعلق امور اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر تبادلہ خیال کیا ، آرمی چیف نے وزیر اعظم کو کور کمانڈر کانفرنس اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم سے متحدہ کے وفد نے ملاقات کی اور مردم شماری اور سندھ میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے کہا مردم شماری کیلئے فریقین کو اعتماد میں لیا جائے گا، موجودہ حکومت کے دور میں ادارے آزاد ہیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشین انتخابی عمل میں شفافیت لیکر آئے گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس پروگرام سبسڈی پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہا حکومت مہنگائی کی وجہ سے غریبوں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے ،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غیر مراعات یافتہ طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جائے ۔ وزیراعظم سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے ملاقات کی اور واپڈا کے زیرنگرانی دیامر، بھاشا اور مہمند ڈیمز سمیت مختلف منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم سے بل گیٹس کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان میں انسداد پولیو کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم سے وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام اور کرغزستان میں سفیر اظہر طارق خان نے بھی الگ الگ ملاقات کی ۔