اسلام آباد(نیوزرپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت خارجہ میں اہم تقرریاں و تبادلے کئے گئے ہیں،حکومت نے 17نئے سفیرنامزد، ایک کو توسیع اور 3قونصل جنرل تعینات کئے ہیں۔ حکومت کے نامزد کردہ 17نئے سفیروں میں بری اور بحری افواج کے 2سابق سینئر افسران بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق کئی سینئر افسران کی سفیر، قونصل جنرل کے عہدے پر تقرری کی گئی ، وزیراعظم نے ان تعیناتیوں کی منظوری دیدی ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کوجرمنی میں پاکستانی سفیر کے طور پر تعیناتی کیلئے نامزد کیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ رحیم حیات قریشی کو ایران میں پاکستانی سفیر نامزد کیا گیا ہے جبکہ شفقت علی خان روس میں پاکستانی سفیر ہونگے ۔ جرمنی میں پاکستانی سفیر جوہر سلیم اب اٹلی میں پاکستانی سفیر ہونگے ۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ ندیم خان یونان میں سفیر ہونگے ۔ڈی جی یورپ ملک فاروق پولینڈ کیلئے سفیر نامزد کیے گئے ہیں، محمد طارق وزیر کو مانچسٹر میں قونصل جنرل مقرر کیا گیا ہے ۔ ڈی جی کائونٹر ٹیررازم وزارت خارجہ احمد فاروق ڈنمارک کیلئے سفیر نامزد کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ ممتاز زہرہ بلوچ کو جنوبی کوریا میں سفیر نامزد کیا گیا ہے ، ظفراقبال رومانیہ، محمد خالد اعجاز ارجنٹائن میں سفیر تعینات ہونگے ۔ میجر جنرل (ر) عمر فاروق برکی اردن، وائس ایڈمرل (ر) اطہر مختار مالدیپ میں سفیر تعینات کیے گئے ہیں۔مریم مدیحہ آفتاب بلغاریہ،ایڈیشنل سیکرٹری برائے افریقہ ڈاکٹر علی احمد آرائیں سنیگال، سردار اظہر طارق کو کرغیزستان میں سفیر تعینات کر دیا گیا۔