اسلام آباد (پ ر) وفاقی وزارت صحت کی جانب سے سگریٹ تشہیری قوانین کو مزید سخت کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے ۔ نئے متوقع قوانین کے تحت دکانوں کے اندر اور باہر پوسٹرز ،پینٹنگز، یا ٹوبیکو سے منسلک اشیاء کی تشہیر پر مکمل پابندی ہو گی۔ ذرائع کے مطابق انسداد تمباکو سیل کی کمیٹی برائے ٹوبیکو تشہیراتی گائیڈ لائنز کے حالیہ منعقدہ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹوبیکو کی تمام قسم کی تشہیری مہم پر دکانوں کے اندر اور باہر مکمل پابندی عائد کردی جائے گی۔ اسی طرح سگریٹ ریٹیلرز کے حوالے سے سخت قونین وضع کیے جائیں گے جن کے تحت سگریٹ ریٹیلرز پر پابندی عائد ہو گی کہ وہ سگریٹ کمپنیوں کی جانب سے دی گئی کسی بھی قسم کی مالی یا دیگر مراعات سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے ۔ اس کے علاؤہ سگریٹ ریٹیلرز پرپابندی عائد ہو گی کہ وہ اپنی دوکان کی کوئی جگہ کسی سگریٹ بنانے والے ادارے کی کسی برانڈ کی تشہیر کے لیے وقف نہیں کرے گا اور اس کے بدلے کسی قسم کا مالی فائدہ حاصل نہ کر سکے گا۔