اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم کو وزارتوں اور ذیلی اداروں میں زیر التوا انکوائریز پر رپورٹ پیش کر دی گئی۔ پی ایم ڈلیوری یونٹ نے وزیر اعظم کی ہدایت پر وزارتوں اور اداروں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زیر التوا انکوائریز کی رپورٹ پر وزیر اعظم آفس کو 90 روز میں کارروائی کی رپورٹ پیش کی جائے ۔وزیر اعظم کو پیش رپورٹ میں کہا گیا کہ تمام انکوائریز وزارتوں اور ذیلی اداروں کی سطح پر زیر التوا ہیں، ان میں فنانس ڈویژن 316 زیر التوا انکوائریز کیساتھ سر فہرست ہے ۔زرعی ترقیاتی بینک کی 237 ، پوسٹل سروس کی 184، پاور ڈویژن کی 193 ، وزارت داخلہ کی 110، انڈسٹریز پروڈکشن کی 245 انکوائریز زیر التوا ہیں۔یہ انکوائریز کارکردگی اور نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں پر مبنی ہیں۔ 14 جنوری کو پی ایم ڈی یو نے کابینہ میں بھی رپورٹ پیش کی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا یہ زیر التوا انکوائریز پرموشن، ٹریننگ، اور بہتر کارکردگی کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔ 2001 سے یہ انکوائریز زیر التوا ہیں جن کو نظر انداز کیا گیا۔