لاہور(محمد نواز سنگرا) وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو گندم خریداری کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایات کردی ۔ پنجاب میں گندم کی کٹائی شروع ہونے میں دو ہفتے باقی ہیں جس کیلئے وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایات جاری کی ہیں کہ گندم کی خریداری کیلئے بہتر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسان کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔وزیر اعظم نے پنجاب میں گندم خریداری کے حوالے سے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ لینے کے بعد احکامات جاری کیے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کی جائے جس سے گندم کی خریداری کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں اور گندم کی برآمد کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ پنجاب میں اضافی گندم کو بیرون ملک فروخت کیا جا سکے ۔ کسان کو گندم خریداری مراکز پر پہنچانے اور مراکز پر بہتر ماحول فراہم کیا جائے ۔صوبہ میں بڑی فصلوں جن میں گندم،چاول،گنا،مکئی کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں کیونکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زرعی پیداوار میں اضافہ سے ملکی معیشت کی مضبوطی میں مدد ملے گی۔ اس کیلئے پنجاب حکومت کو اقدامات اٹھانے کیلئے احکامات دئیے گئے ہیں تاکہ کم لاگت سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے ۔واضح رہے اس وقت صوبہ میں 35لاکھ ٹن سے زائد گندم پڑی ہے اور نئی گندم آنے سے ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل پیدا ہو جائیں گے ۔ محکمہ خوراک پنجاب کے پاس گندم محفوظ کرنے کیلئے 36اضلاع میں 6442 چھوٹے بڑے گودام موجود ہیں جن میں محض 21لاکھ76ہزار ٹن گندم محفوظ کی جا سکتی ہے ۔گزشتہ مالی سال میں پنجاب حکومت نے 36لاکھ23ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی کی جبکہ رواں مالی سال 38لاکھ ٹن گندم خریداری کاہدف زیر غور ہے ۔گزشتہ سال خریداری کے بعد پنجاب میں 72لاکھ ٹن گندم ذخیرہ کر لی گئی تھی ۔