پشاور( خبر نگار) خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ برطرف وزرا کی واپسی وزیراعظم کی اجازت سے مشروط ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے برطرف وزرا کے رویے کو دیکھا جارہا ہے کہ ان کا ردعمل کیسا ہے تاہم وزرا کی واپسی کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے ۔ ایک سال سے ہم نے معاملہ کو سلجھانے کی کوشش کی لیکن جب معاملہ میڈیا پرآیا تو وزیراعظم کو سخت فیصلہ کرنا پڑا۔ دریں اثنا شوکت یوسفزئی نے میگا منصوبے بی آر ٹی کی تکمیل کے لیے مارچ کی نئی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس بار بھی منصوبہ بروقت مکمل نہ ہوا تو کنٹریکٹر کو 50 کروڑ روپے روزانہ جرمانہ ہوگا۔ تحریری ضمانت لے لی گئی ہے ۔