اسلام آباد(لیڈی رپورٹر؍ این این آئی)وزیراعظم عمران خان آج احساس منصوبہ کے تحت احساس لنگر سکیم کا افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے خاتمہ غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاہے کہ یہ سکیم ایک مختلف پروگرام ہے جو وزیر اعظم کی ہدایت پر تیار کیا جس کا مقصد غریب، محنت کش ، نادار اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقے خصوصا دیہاڑی دار افراد کے لئے مفت کھانے کااہتمام کرنا ہے ۔بعدازاں وزیراعظم چین روانہ ہونگے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیرمنصوبہ بندی خسروبختیار اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ان کے ہمراہ ہونگے ۔ دورے کے دوران سی پیک، ایم ایل ون اور دیگر اہم معاملات پر ملاقاتیں ہوں گی اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھی چینی حکام سے بات چیت ہوگی۔وزیراعظم کے دورہ چین میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے جبکہ وہ چینی صدر شی جن پنگ سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے ۔وزیراعظم گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ڈیل کے ذریعے سٹیل ملز چین کے حوالے کرنے کی پیش کش کریں گے جبکہ ایم ایل ون کے حوالے سے بھی غور کیا جائیگا۔پاکستانی قیادت چینی قیادت کو یقین دہانی کرائے گی کہ آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود سی پیک پر کام سست روی کا شکار نہیں ہوگا۔دورے کے دوران سی پیک کے علاوہ بنجی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور سوشل سیکٹر پراجیکٹس کی فنانسنگ پر بھی بات ہوگی۔چینی قیادت سی پیک اتھارٹی کے قیام پر صدارتی آرڈیننس کا نفاذ چاہتی ہے جبکہ گوادر پورٹ کو ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے فعال کرنے کا آرڈیننس بھی جاری ہوسکتا ہے ۔