اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے پہلی نیشنل یوتھ کونسل قائم کر دی، 33 رکنی کونسل میں امور نوجوانان کے تمام صوبائی وزرا ،کرکٹر حسن علی، ثنا میر، آپریشن ضرب عضب کا غازی جوان میجر تنویر شافی شامل ہیں،عمران خان کونسل کے پیٹرن ان چیف اور عثمان ڈار چیئرمین ہوں گے ۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کونسل میں کھیل، تعلیم، مذہب، معیشت اور آرٹس اینڈ کلچرل سے وابستہ نمایاں شخصیات کوشامل کیا گیا،چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے امور نوجوانان کے وزیر، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈپٹی سیکرٹری کونسل کے ارکان میں شامل، آپریشن ضرب عضب کا غازی جوان میجر تنویر شافی کونسل کے ارکان میں سرفہرست ہیں جبکہ دیگر ارکان میں کرکٹر حسن علی، ثنا میر، آرٹسٹ حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان، ثمینہ بیگ، منیبہ مزاری، شازیہ بتول، کرشما علی، مارویہ ملک شامل ہیں۔ چیئرمین عثمان ڈار نے کہا وزیراعظم کی ہدایت پر 8ماہ پہلے نوجوانوں کی فلاح وبہبود کا بیڑا اٹھایا تھا، کونسل کا ایجنڈا صرف نوجوانوں کی ترقی ہو گا، ملکی نوجوانوں کو قومی سطح پر فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے گا، کونسل وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔