لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر بلدیات کے پی کے شہرام ترکئی نے کہا ہے وزیراعظم کا استعفی مولانا کا خواب ہے جو پورانہیں ہوگا، فضل الرحمن ابھی کلیئر نہیں ہیں کہ و ہ دھرنا یامارچ کیوں کرنا چاہتے ہیں، وہ پہلی بار اسمبلیوں سے باہر ہیں اس لئے انہیں دکھ ہے ،ہم نے 126دن کسی وجہ سے دھرنا دیا اورعوام نے بھی ہمارا ساتھ دیا۔پروگرام ہوکیارہاہے میں میزبان فیصل عباسی سے گفتگو میں انہوں نے کہاقانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج یا دھرنا دیاجاسکتا ہے ،وہ قوم کو یہ نہیں بتا سکے کہ وہ کیوں ایسا کررہے ہیں،ہم یہ مسائل ساتھ لے کرنہیں آئے بلکہ جے یو آئی کا بھی ان میں حصہ ہے ، احتساب ہورہاہے اور کرپشن کے خاتمے کی بات ہم سب سے زیادہ کرتے ہیں،مولانا نے اگرکرپشن کی ہے تو میں نہیں بتا سکتا یہ تو نیب کی ذمہ داری ہے ، جب فضل الرحمن سے بات ہوگی تو ان کے مطالبات کا جائزہ لیاجائے گا اور ان کے جائز مطالبات کو ضرور ماننا جائے گا۔بات تو مذاکرات سے ہی بنے گی، ہم انہیں منا لیں گے ۔جے یو آئی کے رہنما حافظ حمدا للہ نے کہا جسے عمران خان بارہواں کھلاڑی سمجھتے تھے اس سے آج وہ بات کرنے کیلئے تیارہیں،کیا مدینہ کی ریاست کے حکمران اس قسم کی زبان استعمال کرتے تھے جس طرح ہمارا وزیراعظم کرتا ہے ،۔وزیراعظم کے دل میں عوام کیلئے درد نہیں ہے تو کیسے ہم سے بات کرینگے ، پارلیمنٹ میں تو سارے مولوی نہیں ہیں، مجھے بتائیں کیا انہوں نے کوئی قانون سازی کی ہے ، یہ ہاتھ میں استعفی لے کرآئیں پھر بات ہوگی،فری اینڈ فیئر الیکشن ہمارا مطالبہ ہے ۔تجزیہ کارعارف نظامی نے کہا لگتا ہے وزیراعظم کو کافی اعتماد ہے ، وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ایسے بیانات دینے سے کیا تعلق ہے ، کیا وہ اب آرمی چیف کی ملاقاتوں کا ایجنڈا طے کرینگے ، میرے خیال میں ایسے وزرا کو تو برطرف کردینا چاہئے ،وزرا کے بیانات عمران خان کیلئے مشکلات پیدا کررہے ہیں،فواد چودھری کو میڈیا میں رہنا آتا ہے ۔