سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،صباح نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کو واپس لانے کیلئے قانونی طریقہ اختیار کریں گے ۔ ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے کفایت شعاری کو اپنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا سیالکوٹ پوری دنیا میں صنعتی ترقی کے حوالہ سے جاناجاتا اوراپنی ایک خصوصی پہچان اور شناخت رکھتا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے صنعتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور صنعتوں کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں ۔ وزیر اعظم نے اپنی سربراہی میں ملک میں کئی دہائیوں سے بیمار پڑے صنعتی یونٹس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو دوبارہ اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے ۔مزدوروں کے حقوق پر کسی طور پر بھی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور بین الاقوامی لیبر کے حوالہ سے قوانین اور اقوام متحدہ کے کنونشنز کے تحت مزدوروں اور محنت کشوں کو حکومت تحفظ دینے جارہی ہے ۔ بیروزگاری اور مہنگائی ختم کرنے کیلئے وزیر اعظم نے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام صنعتی یونٹس کے اندر انسپکٹر لیس رجیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا مہنگائی اور بے روز گاری کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جس کا حکومت کو احساس ہے ۔ ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے کفایت شعاری کو اپنانا ہوگا ۔ احساس پروگرام کے ذریعے ہیلتھ کارڈ، سوشل سکیورٹی، آسان قرضے اور زراعت سے جڑے افراد کیلئے سہولیات کا آغاز کیا گیا ۔صحافیوں کیلئے بھی ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے ۔وزیر اعظم کا معاشی ترقی و خوشحالی کا خواب جلد حقیقت میں تبدیل ہو گا۔سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں مقیم ہیں ، واپس لانے کیلئے قانونی طریقہ اختیار کرینگے ۔انہوں نے کہا خطے میں پائیدار امن کیلئے طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیے ۔معاون خصوصی کا کہنا تھا وہ دن دور نہیں جب مودی کو شکست ہو گی اور کشمیر آزاد ہو گا ۔عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہیں دی جا رہی۔ کشمیریوں کو اپنے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔ ہم ہر فورم پر کشمیریوں کے مسئلے کو اجاگر کریں گے ۔