اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،نیٹ نیوز ) وفاقی حکومت نے نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل (این ڈی سی) تشکیل د یدی ہے جس کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کریں گے ۔نجی ٹی وی کے مطابق قومی ترقیاتی کونسل 13 ارکان پر مشتمل ہوگی جن میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،وزیر خارجہ، مشیر خزانہ، وزیرمنصوبہ بندی، مشیر تجارت، وزیراعظم کے سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹری، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری منصوبہ بندی اور سیکرٹری خزانہ شامل ہیں۔کونسل کے اجلاسوں میں وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ، وزراء اور دیگر کو شرکت کیلئے بوقت ضرورت دعوت دی جائے گی۔وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس کے مطابق نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل قومی ترقی کیلئے پالیسیاں اور حکمت عملی تشکیل دے گی جبکہ قومی اور علاقائی تعاون کیلئے بھی گائیڈ لائنز (ہدایات) دے گی۔