لاہور،ملتان ( وقائع نگار،سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں تعاون گروپ کے وفد نے ملاقات کی اورصوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اورسرمایہ کاروں کے لئے دی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں فارن انویسٹمنٹ ڈیسک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ، صوبے میں سرمایہ کاری کو پورا تحفظ دینگے ،سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ترین ماحول موجودہے اورصوبے میں سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مواقع فراہم کئے گئے ہیں ، موجودہ حکومت نے بزنس فرینڈلی ماحول کو فروغ دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ مبارک سنٹر بننے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ فارن انویسٹمنٹ کا دائرہ کار دیگر شعبوں تک بڑھایا جائے گا۔جنوبی پنجاب اورپسماندہ علاقوں میں فارن انویسٹمنٹ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔لاہور میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ معاشی لحاظ سے گیم چینجر ثابت ہوگا۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ عثمان بزدار گزشتہ روز ایک روزہ دورہ پر ملتان پہنچے ۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایئرپورٹ لاؤنج میں اجلاس ہوا ، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے تمام ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہر تحصیل اورضلع میں جاکر عوام سے خود ملوں گا جو افسر کام کریگا، وہی عہدے پررہے گا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ منسوخ کرنے پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے ۔پاکستانی کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے ۔پنجاب حکومت نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے لئے بہترین اور فول پروف انتظامات کئے ۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ چلتی رہنی چاہئے ۔وزیراعلیٰ نے لاہور کے علاقے ہنجروال میں 12سالہ لڑکی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ۔عثمان بزدار نے راجن پور کے علاقے میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے 6سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کا واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔