لندن،اسلام آباد،لاہور(صباح نیوز،خبر نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر،این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے عمران خان حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے دن رات یوٹرن لینے والوں نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے ، وزیراعظم ہائوس میں چور، کرپٹ اور ذخیرہ اندوز بیٹھے ہیں، عمران خان 20 سال میں خرچ کئے پیسہ کو کئی گنا زیادہ عوام سے وصول کر چکے ہیں۔والدہ کے لندن پہنچنے کے بعد ایون فیلڈ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہامریم کا کیس ہائیکورٹ میں ہے ، اگر انہیں اجازت ملی تو اﷲ سے دعا گو ہیں وہ بھی یہاں موجود ہوں۔شہباز شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا خان صاحب آپ نے کہا تھا جب مہنگائی ہو تووزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے ،آج قوم فیصلہ کرلے کون کرپٹ ہے ۔انہوں نے ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ(ن)کے دفاتر پر نیب کے چھاپے کو غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے کہا عمران خان، جہانگیر ترین، شہزاد اکبر اور نیب کا صرف شریف فیملی اور (ن)لیگ کے خلاف گٹھ جوڑ ہے ۔مریم اورنگزیب نے کہاعمران مافیا پورا کا پورا غیر قانونی فارن فنڈنگ سے بنا اور چھاپے اور جھوٹے مقدمے سیاسی مخالفین پر کرائے جارہے ہیں۔عمران مافیا نے شریف گروپ کے دفاتر پر چھاپہ تو مار لیا لیکن ہمیشہ کی طرح اسے کچھ نہیں ملا ،بتایا جائے جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کے دفاتر اور ملوں پرکب چھاپہ مارا جائے گا ؟۔ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اﷲ نے کہا فردوس باجی بدزبان بن کر ٹی ٹی کرنا بند کریں،آپ قابل احترام خاتون ہیں، اگر قیادت کے خلاف زبان درازی بند نہ کی تو گلی محلوں میں بھی ٹی ٹی کی آوازیں سنیں گی۔کھاد،بجلی،ادویات ،حج اور دیگر چیزوں پر سبسڈی ختم کرنے والے نیا پاکستان بنانے چلے ہیں،دوروں اور دفاتر کا خرچہ کرنے کے لئے عمران خان کی اے ٹی ایمز ہی کافی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا پی کے ایل آئی جیسے شاندار منصوبے کو سیاست کی نذرکرنا حکومت کے لئے باعث شرمندگی ہے ،ڈاکٹر سعید جیسے محنتی اور قابل شخص کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا گیا۔