کراچی (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے لاک ڈاؤن نہ کرنے کے فیصلے پرنظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طورپر15 روزہ لاک ڈاؤن کیا جائے ایسا نہ ہوکہ 6 ماہ کیلئے لاک ڈاؤن کرنا پڑے ،ان خیالات کا اظہارانہوں نے وڈیو لنک اجلاس اورپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے مزید کہا کہ مجھے وزیراعظم کے لاک ڈاؤن نہ کرنیکی منطق سمجھ میں نہیں آرہی،ہم اٹلی جیسے ممالک سے بہت کمزورہیلتھ سسٹم رکھتے ہیں خدانخواستہ کرونا وائرس سے مریضوں کی تعداد بڑھی توہم کنٹرول نہیں کرسکیں گے ،میں اب بھی اپیل کرتا ہوں کہ ملک بھرمیں 15 دن کا فوری لاک ڈاؤن کیا جائے ایسا نہ ہوکہ ہمیں 6 ماہ یا ایک سال کے لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے جس سے ہماری معیشت تباہ ہوجائیگی،انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے ماہرین کہہ رہے ہیں ہم گھروں پررہ کرمریضوں کی تعداد کم کر سکتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کی تمام سیاسی پارٹیوں کو لاک ڈاؤن پراعتماد میں لے لیا ہے ،صوبے کی پوری سیاسی قیادت ایک پیج پرہے ،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو کرونا وائرس کے وقت تو غریب یاد آگئے لیکن بجٹ بنانے اورمعاشی پالیسیاں بناتے وقت غریب عوام کا خیال نہیں رکھا گیا۔علاوہ ازیں انہوں نے مادرِجمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو 91 ویں یوم پیدائش پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد بیگم نصرت بھٹو نے آمرضیا اوراسکی جابرمشینری کابہادری سے مقابلہ کیا،جمہوریت اورعوام کے حقوق کی جدوجہد میں انہوں اپنے خاوند،دو بیٹوں اوربیٹی کوکھویا،پیپلزپارٹی کی قیادت وکارکن ہمیشہ بیگم نصرت بھٹو کو یاد رکھیں گے ۔