لاہور(وقائع نگار، نیٹ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے سینئر سیاسی رہنما چودھری شجاعت حسین کے گھر جاکر ان کی خیریت دریافت کی۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی، وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ، ایم این اے مونس الٰہی اور ایم این اے سالک حسین بھی موجود تھے ۔وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں کے درمیان باہمی دلچسپی اور اہم ملکی امور پر گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں مسلم لیگ (ق) کے تحفظات دور ہوگئے کیونکہ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اتحادیوں کے تحفظات پر بھی بات ہوئی اور گلے شکوے دور ہوگئے ۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے سابق صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔سیدرضاگیلانی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات وزیر اعظم کی خواہش پرہوئی ، تحریک انصاف میں شامل نہیں ہوا،وزیر اعظم میرے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔اس سوال پرکہ کیا 19نومبرکو قومی احتساب بیورو (نیب) کی طلبی کے بعد یہ ملاقات ہوئی ہے ؟ سید رضا علی گیلانی نے جواب دیا کہ دربار حجرہ شاہ مقیم کی اراضی کے معاملے پر کسی نے درخواست دی تھی لیکن اس ملاقات کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا تحریک انصاف میں شامل ہونے یا نہ ہونے کے لئے اپنے بزرگوں سے مشورہ کئے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے ۔