لاہور؍ شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی سے ؍ ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان آج بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ رات گئے تک وزارت داخلہ، محکمہ داخلہ پنجاب، پنجاب پولیس ،صحت،ریسکیو1122،متروکہ وقف املاک بورڈ کے علاوہ لاہور، شیخوپورہ ، ننکانہ صاحب کے اضلاع کے ذمہ داروں کے ساتھ میٹنگز میں مصروف رہے ۔ اعجاز احمد شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ یونیورسٹی اپنی نوعیت کی منفرد یونیورسٹی ہوگی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا حکومت نے نہیں بلکہ ن لیگ نے نواز شریف کی بیماری پر سیاست کی، پنجاب حکومت نے ان کے علاج معالجہ کیلئے صحت کی تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی، حکومت عدالتی فیصلوں کا احترام کرتی ہے مگر کسی کو اس کی آڑ میں قومی اداروں پر تنقید کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کل تک عدالتوں پر تنقید کرنے والے آج اپنے حق میں آنے والے فیصلہ کو حق کی فتح قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا وزیر اعظم بابا گورونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ انصاف صحت کارڈ بھی تقسیم کریں گے ۔علاوہ ازیں لاہور میں بھی مختلف اجلاسوں کی صدارت اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، گورنر چودھری سرور سے ملاقات کرینگے ۔