لاہور(خصوصی نمائندہ،صباح نیوز)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے وزیرِ اعظم عمران خان غریب، بے سہارا اور نچلے طبقے کا درد سمجھتے ہیں۔لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کی جانب سے حکومت پر تنقید کے ردِعمل میں انہوں نے کہاحکومت نے صحت انصاف کارڈ، احساس پروگرام، انصاف امداد پروگرام سمیت دیگر فلاحی منصوبے نچلے طبقے کو ریلیف دینے کیلئے شروع کئے ہیں، صوبے میں اشیاء خورونوش کی ترسیل اور سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اوروزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پرتمام اضلاع میں انتظامیہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف موثر کارروائیاں کر رہی ہے ،صرف لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز گراں فروشی پر ایک لاکھ سے زائد جرمانے اور 17 مقدمات کا اندراج کروایا، رائیونڈ کے لاک ڈاؤن شدہ علاقے میں ضلعی انتظامیہ گھر گھر راشن پہنچا رہی ہے ، تعمیراتی سیکٹر کی بحالی کے ریلیف پیکج سے مزدور طبقے کو فائدے سمیت معاشی سرگرمیوں کی بحالی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ،پنجاب میں انصاف امداد پروگرام کے تحت ایک لاکھ ستر ہزار مستحقین میں تقریباً 150 کروڑ روپے تقسیم کیے جا چکے ،کورونا بحران کے باوجود ن لیگ سیاسی بیان بازی سے باز نہیں آئی، اشیائے ضروریہ کی کمی سے متعلق عظمیٰ بخاری کے بیانات حقیقت کے منافی ہیں،ن لیگ کے پاس موقع ہے عوامی خدمت کر کے اپنی لوٹ مار کا کفارہ ادا کرے ۔