پشاور(92نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو جتنا ریلیف ملا اس تک محدود رہے ، حکومت کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی، مولانا فضل الرحمٰن وزیر اعظم عمران خان کے استعفیٰ کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں، اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینا کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ، احتجاجی مظاہرین پرامن رہے تو کچھ نہیں کہا جائے گا آج بھی اپنے اس موقف پر قائم ہیں کہ ڈنڈا برداروں کو صوبے سے باہر نہیں جانے دیں گے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن خود انتشار کا شکار ہے وہ ملک کو بھی انتشار کا شکار کرنا چاہتی ہے ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا کوئی مستقبل نہیں، مولانا فضل الرحمن کو یقین ہو جانا چاہیے کہ اب عوام انہیں پارلیمنٹ میں نہیں دیکھنا چاہتی، ن لیگی نواز شریف کی بیماری پر سیاست کرنا چاہتی ہے ،حکومت نے فیصلہ عدالت پر چھوڑا ہے ، عدالتی فیصلوں کا احترام ہوگا ،ہماری دعا ہے کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوں، قانون توڑنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ،وزیراعلیٰ محمود خان صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں،تمام تر فیصلے میرٹ پر ہوں گے ، کسی کو ملک بدنام کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مفتی کفایت اللہ کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا، ان پر عوام کو اشتعال انگیزی پر اکسانے کا الزام تھا جس سے امن وامان خراب ہونے کا امکان تھا۔