لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے صنعتکاروں اورسرمایہ کاروں کے وفود نے ان کے آفس میں ملاقاتیں کی۔جن میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور سرمایہ کاروں کو دی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے وفود کو بتایا کہ پنجاب کو سرمایہ کاری کے حوالے سے پرکشش مقام بنا دیا ہے ۔سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں دی جارہی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث ملکی وغیر ملکی سرمایہ کارپنجاب کا رخ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز بنائے جارہے ہیں،جہاں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہوں گی۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ فیصل آباد میں 9ہزار ایکڑ رقبے پر جدیدصنعتی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زونز میں ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری آ چکی اور ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونزبننے سے نئی سرمایہ کاری آئے گی ۔