وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کو فون کر کے کرونا وائرس کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیلڈ ہسپتال اور ڈاکٹروں کی ٹیم چین بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔ کرونا وائرس سے اموات کا سلسلہ ختم نہیں ہو سکا‘24گھنٹوں میں مزید 118افراد ہلاک ہو گئے۔ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2230ہو گئی جبکہ 968نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جنوبی کوریا میں 46نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح جاپان میں 8‘ہانگ کانگ میں 2‘ایران میں 3‘سنگا پور اور تائیوان میں بھی مزید ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ اس صورتحال میں چینی حکومت اور عوام بغیر کسی توقف کے انتھک محنت کر کے اس موذی وائرس پر قابو پانے میں جتے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے دیرینہ دوست ملک کو ہر طرح کے ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔ جس کا چینی صدر نے شکریہ ادا کیا ہے۔ چینی حکومت نے اس مشکل گھڑی میں پاکستانی طلبہ کے ساتھ اپنوں جیسا برتائو رکھ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں بھی دوستوں کو فراموش نہیں کرتے۔ چین نے پاکستانی طلبا کی حفاظت‘ صحت اور خوراک میں کسی قسم کی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ یہ موذی مرض اس وقت آدھی سے زائددنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ اس لئے عالمی برادری اس سے بچائو کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے۔