اسلام آباد؍لاہور؍ موسیٰ خیل(سپیشل رپورٹر، خصوصی نمائندہ؍ نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ٹیلی فونپر رابطہ کر کے ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کی اطلاعات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔جام کمال نے کہا کرونا وائرس سے بچائو کے تمام اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں،خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں،ایران سے منسلک اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔دریں اثنا ء وزیر اعظم عمران خا ن ایک روزہ نجی دورے پر لاہور پہنچ گئے ۔حکومتی ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نجی مصروفیات کے لئے لاہور آئے ہیں اور انکی آمد کا کوئی سرکاری ایجنڈا نہیں ہے ۔وزیر اعظم آج لاہور سے میانوالی روانہ ہوں گے جہاں وہ نمل کالج کے کانووکیشن میں مہمان خصوصی ہوں گے اور کندیاں میں شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے ۔ابوظہبی کے شہزادے اور متحدہ عرب امارات کی کابینہ کے شیخ نہیان بن مبارک النہیان ، وزیر اعلیٰ پنجاب اوردیگر شخصیات بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگی۔دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان اور صدر عارف علوی کی لاہور میں موجودگی پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ۔سی سی پی او کی ہدایات پر چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی آمد ، لٹریری فیسٹول ، پی ایس ایل میچز اور تبلیغی اجتماع رائے ونڈ کی کے موقعوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینا ت کی گئی ۔