لاہور(انور حسین سمرائ) پنجاب حکومت کی طرف سے بچوں کے ساتھ جنسی تشدد اور پورنوگرافی کے روک تھام کے لئے وزیر اعظم کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل نہ کرنے اور موئژ اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے چونیاں میں چار معصوم بچے درندوں کی ہوس کاشکار ہوگئے ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران نے جون میں چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ایسے واقعات کے سدباب کے لئے عملی اقدامات کرنے کی ہدایات دی تھی۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جون میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو حکم دیا تھا کہ وہ بچوں سے جنسی تشدد اور پورنوگرافی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر عملی اقدامات کریں کیونکہ اس سے معاشرے میں بہت تشویش پائی جاتی ہے ۔ وزیر اعظم نے صوبائی حکومت کو حکم دیا تھا کہ وہ اس ناسور کے خاتمے کے لئے پالیسی بنائیں اور پولیس کی روائتی سستی، نااہلی اوروالدین سے عدم تعاون کے رویہ کا خاتمہ کریں۔ محکمہ داخلہ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ آئی جی پولیس نے اس سنگین معاملے پر کوئی خاص ہوم ورک کیا اور نہ ہی پولیس کو ایسے واقعات کے سدباب کے لئے اقدامات کیے گئے ۔