ریاض،اسلام آباد (نیٹ نیوز، اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کے درمیان ملاقات ریاض میں ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب دونوں ملکوں میں باقاعدگی سے ہونے والی مشاورت کا تسلسل ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے روضہ رسولﷺ پر حاضری بھی دی اور نوافل ادا کئے اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگیں۔قبل ازیں وزیراعظم جب سعودی عرب پہنچے تو رائل ٹرمینل پر مدینہ کے ڈپٹی گورنر وحیب السہلی اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے استقبال کیا۔مزیدبرآں وزیراعظم سے آج امریکی سینیٹر لنزے گراہم ملاقات کریں گے ۔ دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کسی قسم کی کوئی غلط فہمی نہیں بلکہ موجودہ حکومت نے ماضی میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کیا ، پاکستان مسلم دنیا کے چند ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کو ٹھیک کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔ اس سوال کہ کوالالمپور سمٹ او آئی سی کے خلاف یا اس کے متوازی پلیٹ فارم کے طور پر بنایا گیا ہے کے جواب میں انہوں نے کہا مسلم دنیا کے اتحاد کے خاتمے کی خواہش رکھنے والے عناصر اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں ، کوالالمپور سمٹ پہلی بار منعقد نہیں کیا گیا، مہاتیر محمد نے ملائیشیا کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے اپنے ذاتی اقدامات کے طور پر اس طرح کے چار سیشنز منعقد کئے تھے ، اب جبکہ انہوں نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیا اور وہ اسے ایک رسمی شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مہاتیر محمد نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت کیلئے رسمی دعوت دینے کیلئے اپنے وزیر خارجہ کو سعودی عرب بھیجا تھا کیونکہ وہ سعودی عرب کو مسلم دنیا کا ایک اہم رکن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کوالالمپور سمٹ او آئی سی کے متوازی تنظیم کے طور پر نہیں بنائی جا رہی یہاں تک کہ وہ اس معاملے کی وضاحت کیلئے سعودی عرب کا دورہ کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا اسطرح کے خیالات اور مفروضے وہ عناصر پیدا کر رہے ہیں جو مسلم دنیا کے اتحاد سے خائف ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے دونوں ممالک کا دورہ کیا۔رات گئے وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم کو ائیرپورٹ پر الوداع کیا۔