اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے سنگین صورتحال پر عالمی رہنمائوںکو اعتماد میںلینے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رکھا۔ عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا اور مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کے خاتمے ،کشمیریوں پرمظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا،سعودی ولی عہد نے کہا کہ وہ کشمیر کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ عمران خان نے اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کو بھی فون کیا اور انہیںوزیراعظم بننے پر مبارکباد دی ۔ دونوں وزرائے اعظم نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی جبکہ باہمی تعلقات جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا ۔ اس سے قبل وزیراعظم نے ترک صدر اور ملائیشین وزیراعظم سے رابطہ کرکے کشمیرکے معاملے سے آگاہ کیا تھا۔دوسری جانب وزیراعظم سے وفاقی وزیر علی زیدی ، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفراللہ ، معاون خصوصی برائے بیرون ملک پاکستانی ذوالفقار عباس بخاری اور ڈاکٹر عشرت حسین نے بھی الگ الگ ملاقاتیںکیں۔