کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مقامی کیسز کے پیش نظر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سمیت صوبے بھرمیں انتہائی نگہداشت کے 14 یونٹ(سی سی یو)کے قیام کاحکم دیاہے اورکہاہے کہ سی سی یوسینٹرزکو وینٹیلیٹرز ، مانیٹر،نبض آکسیمٹر،سکشن مشینیں، کمپریسرز، ڈیفبریلیٹر سمیت تمام ضروری طبی سامان سے لیس کیا جائے ،سندھ میں کروناکے 132مقامی کیسزکے ساتھ شرح فیصد25ہوگئی ہے ۔یہ ہدایات وزیراعلی سندھ سیدمرادعلی شاہ نے وزیراعلی ہاؤس میں کروناسے متعلق ٹاسک فورس کے 31ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ صحت کوجاری کی ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جاری لاک ڈاؤن کے دوران ہمیں اپنی صحت کی سہولیات کو مزید مستحکم کرنا ہوگا،محکمہ صحت کراچی سمیت سندھ کے گنجان آباد اضلاع میں 14 نئے سی سی یو یونٹ قائم کریں۔