اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ قومی اسمبلی تاریخ کی سب سے تقسیم شدہ اسمبلی ہے مگر کشمیر پر سب متحدہیں،پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے رولز میں ترمیم پر فی الحال کوئی کام نہیں ہو رہا ۔منگل کو پارلیمانی رپورٹرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم پارلیمانی کمیٹیوں کو متحرک کر رہے ہیں،نئے پارلیمانی سال میں 200سے زائد بل پیش کریں گے ۔ اسد قیصر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو ساتھ ملا کر چل رہا ہوں ، آج (بدھ) کو وزیراعظم افغانستان کا دورہ کر رہے ہیں ،وزیراعظم کے دورہ افغانستان میں میرا بھی کردار ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمسایوں کیساتھ تعلقات بہتر رکھے جائیں ۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں سے درخواست ہے کہ اجلاس کا آغاز جھگڑے سے نہ کریں ۔انہوں نے کہاتحریک انصاف میری جماعت ہے ، اپنی جماعت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کروں گا مگر سپیکر کے عہدے پر قانون اور رولز کے مطابق عمل کروں گا ۔انہوں نے کہا اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد اور کرفیو ختم نہیں کراسکتی تو اس کے وجود پر سوالیہ نشان ہے ۔