اسلام آباد،پشاور (سپیشل رپورٹر،خبرنگار،92 نیوزرپورٹ،نیوزایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور اور دیرینہ دوست مرحوم نعیم الحق کی روح کے ایصال ثواب کیلئے وزیر اعظم ہائوس میں خصوصی فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی ۔گزشتہ روزفاتحہ خوانی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزراء ودیگرارکان پارلیمنٹ ، پارٹی رہنمائوں اور مرحوم نعیم الحق کے اہلخانہ نے شرکت کی ۔نعیم الحق 2 روز قبل کینسر کے مرض کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے تھے ۔ادھرخیبرپختونخوااسمبلی میں بھی نعیم الحق کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔سپیکر مشتاق احمدغنی نے اپوزیشن ارکان کے احتجاج کے دوران ہی وزیرخوراک قلندرلودھی کوہدایت کی کہ نعیم الحق کی مغفرت کیلئے ایوان میں دعاکرائی جائے جس کے بعدشدیدشورمیں ہی فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ اپوزیشن نے فاتحہ خوانی کے تقدس کاخیال تک نہ رکھا ۔