لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے وزیرِ اعظم نے مشکل حالات میں مشکل اور دانشمندانہ فیصلوں سے عوام کو خطرے سے نکالا۔ عالمی سطح پر وزیرِ اعظم کو پذیرائی ملنا پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے ،عمران خان ورلڈ کمیونٹی سے پاکستان میں کورونا صورتحال اور حکومتی ریلیف کے اقدامات پر بات کریں گے ۔وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کی صدارت اور خطاب پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاایک وقت تھا جب پاکستان کے ایک سابق وزیرِ اعظم کو ورلڈ اکنامک فورم پر بات کرنے سے روک دیا گیا تھا لیکن آج عمران خان کی کورونا ریلیف پالیسیز کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے ،عمران خان کی قیادت میں پاکستانی عوام نے کورونا کے خلاف شاندار کامیابیاں سمیٹی ہیں جس کا اعتراف ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی کیا ہے ، ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق دنیا کے لیے کورونا سے لڑائی کے دوران پاکستانی عوام سے سیکھنے کو بہت کچھ ہے ،بہترین لیڈر نہ صرف حکومت بلکہ عوام کی تربیت بھی کرتاہے ۔