وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں دو روزہ سکیورٹی ڈائیلاگ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لئے بھارت کو پہل کرنی چاہیے۔ مسائل ڈائیلاگ سے حل ہونے چاہئیں۔ بھارت کشمیریوں کو حق رائے دہی دے یہ دونوں ملکوں کے لئے بہتر ہو گا۔ عالمی اعداد و شمار کے مطابق بھارت پاکستان سے زیادہ غربت کا شکار ہے‘ وہاں کروڑوں افراد آج بھی فٹ پاتھوں پر رہتے اور کروڑوں بھوکے سوتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے مسائل کا واحد حل علاقے میں امن کا قیام ہے جس کی پیشکش وزیر اعظم عمران خان بھارت کو دوبار پہلے کر چکے ہیں لیکن بھارت اسے مسترد کرتا رہا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی امن کوششوں اور علاقے سے غربت کے خاتمے کا عالمی ذرائع ابلاغ بھی اعتراف کر چکے ہیں۔چینی اکنامک سروے ’’سی ای این ‘‘ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں سائوتھ ویسٹ یونیورسٹی آف پولیٹیکل سائنس اینڈ لاسائنس اینڈ لا کے پروفیسر اور چار ہار انسٹی ٹیوٹ کے سینئر فیلو چینگ ژی ژونگ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کی غربت کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے احساس پروگرام اور ’’کوئی بھوکا نہ سوئے‘‘ پروگرامز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ان کی حکومت غریبوں کی ما لی امداد کر رہی ہے۔ پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوںکے بعد اب مودی حکومت کو چاہیے کہ وہ بھی آگے بڑھے اور علاقے میں قیام امن کے لئے پاکستانی کوششوں کا ساتھ دے تاکہ دونوں ملکوں سے غربت کے خاتمے کو ممکن بنایا جا سکے۔