کوئٹہ(صباح نیوز)وزیراعلی ٰبلوچستان جام کمال خان سے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین محمد سلیم بیگ نے ملاقات کی، سیکریٹری اطلاعات شاہ عرفان غرشین اور پیمرا کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ، ملاقات میں الیکٹرانک میڈیا سے متعلق امور اور ایف ایم ریڈیو کے قیام سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی میڈیا پر بلوچستان کو کم کوریج دی جاتی ہے جس سے بلوچستان میں ہونے والے ترقیاتی اور تعمیری کام موثر طور پر عوام کے سامنے نہیں آتے جس کے لئے قومی میڈیا پر صوبے کو زیادہ وقت ملنا چاہئے تاکہ قومی سطح پر صوبے کا بہترین عکس نمایاں ہوسکے ، چیئرمین پیمرا نے کہا کہ بلوچستان کو قومی الیکٹرانک میڈیا میں مناسب وقت کی فراہمی کے لئے نیوز چینلز کو راغب کیا جائے گا، پیمرا ایکٹ کے تحت بلوچستان میں کونسل آف کمپلینٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ، ملاقات میں صوبے میں ڈویژنل سطح پر ایف ایم ریڈیو کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔