اسلام آباد(92 نیوز رپورٹ، سپیشل رپورٹر، صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نئی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی منظوری دے دی۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق کالا دھن سفید کرنے کیلئے ٹیکس ریٹ کم از کم 6 فیصد ہو گا۔ کالادھن ظاہر کرنے کیساتھ ہی گوشوارے داخل کرنا لازم ہو جائے گا۔ رقوم اور اثاثوں کی غلط بیانی پر بھاری جرمانہ اور قید کی سزائیں ہوں گی ۔ اثاثوں کی مارکیٹ قیمت کم ظاہر کرنے والوں کیخلاف ایکشن کی تفصیلات آخری مراحل میں ہیں ۔ذرائع کے مطابق سکیم 20 اپریل سے پہلے سامنے آ جائے گی۔ سکیم کا فائدہ نہ اٹھانے والوں کیخلاف ملکی سطح پر دستیاب انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر کریک ڈائون ہو گا۔ذرائع کے مطابق سکیم کا ڈرفٹ آئی ایم ایف سے شیئرکرنے کے بعد اعلان کیاجائیگا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاک ترک سٹریٹجک اکنامک فریم ورک پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی۔ پلان آف ایکشن حتمی منظوری کیلئے ترکی کو پیش کیا جائے گا۔ پاک ترک سٹرٹیجک اکنامک فریم ورک پر دستخط جلد ہونے کا امکان ہے ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پلان آف ایکشن سے دونوں ملکوں میں تعاون کو فروغ ملے گا ، زراعت، کم لاگت مکانات کی تعمیر، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔مزیدبرآں وزیرِ اعظم عمران خان کو پنجاب میں مقامی حکومتوں کے نظام سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس گزشتہ یہاں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزیرِ قانون بشارت راجہ و دیگر نے شرکت کی۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم کو نئے مقامی حکومتوں کے نظام میں تحصیل اور دیہی سطح پر منتخب نمائندوں کو با اختیار بنانے ، مقامی سطح پر انتظامی ڈھانچے کو فعال بنانے ،مالیات کی وصولی، صحت، تعلیم ، پانی ونکاسی آب اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ جیسی دیگر سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے والد مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی ادا کی گئی۔وزیراعظم کی زیرصدارت ریلوے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ذرائع نے روزنامہ 92 نیوز کو بتایا کہ وزیر ریلوے نے وزیر اعظم عمران خان کو بتایا کہ سی پیک کے تحت پاکستان ریلویز کے اہم منصوبہ پشاور سے کراچی تک ٹریک کی اپ گریٖڈیشن اور ڈبلنگ کے حوالے سے فیز یبلٹی رپورٹ تیار ہونے کے بعد رواں ماہ کے آخر تک ڈیزائن بھی مکمل کرلیا جائے گا ۔وزیر اعظم نے ریلوے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایم ایل ون منصوبہ کا ڈیزائن ہر حال میں اپریل کی 15 تاریخ تک مکمل کرکے پیش کیا جائے تاکہ رواں ماہ دورہ چائنہ کے دوران چائنیز حکام سے منصوبہ کے ڈیزائن کی منظوری لی جائے ۔ ذرائع کے مطابق فیز ون میں چائنہ پاکستان کو 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کا قرضہ دے گا ۔دریں اثناء وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزارت مذہبی امور سے متعلقہ امور اور حج کے حوالے سے اب تک کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔ وزیراعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری افراد کی تنظیم ’’میڈف‘‘ کے وفد نے ملاقات کی۔وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں زراعت، سیاحت، صنعت سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔وزیراعظم نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ احساس پروگرام پر اپنا پالیسی بیان دیتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں، غربت کا خاتمہ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔وزیراعظم نے کہا غربت میں کمی پروگرام میں 4 شعبوں اور 115 پالیسی اقدامات پرتوجہ دی جارہی ہے ، احساس پروگرام کامقصدعدم مساوات کاخاتمہ، عوام پرسرمایہ کاری اور پسماندہ اضلاع کی ترقی ہے ۔