لاہور (جنرل رپورٹر) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے ہدایت کی ہے کہ سینئر پروفیسرز باقاعدگی سے رات کے وقت بھی وارڈز اور ایمرجنسی کا دورہ کریں۔ہائوس جاب کرنیوالے میڈیکل آفیسرز کے ساتھ سینئر اساتذہ لازمی کوآر ڈینیشن رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال ڈاکٹر عاصم حمید نے صوبائی وزیر کو مختلف معاملات پر بریفنگ دی۔ وزیر صحت نے شعبہ ایمرجنسی، زنانہ، مردانہ میڈیکل ، سرجیکل وارڈز ،لیبر روم اور نرسری کا معائنہ کیا اور مریضوں کی شکایات بھی سنیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس اور ایڈیشنل ایم ایس صاحبان ایمرجنسی کے معاملات پر زیادہ توجہ دیں۔ شعبہ ایمرجنسی میں تمام مقررہ سہولتوں کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے ۔ دریں اثنا ایڈز سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ایڈز سے بچائو کا سب سے بہتر طریقہ خون کا محفوظ طریقے سے انتقال ہے ۔ استعمال شدہ سرنج یا جراثیم زدہ آلات جراحی سے گریز کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز کے مریضوں سے ڈرنے کا کلچر ختم ہونا چاہیے ۔ ایڈز سے متاثر ہونے والے افراد ہماری ہمدردی اور توجہ کے مستحق ہیں۔