اسلام آباد(صبا ح نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد کردی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے وفاقی وزیرغلام سرور خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ غلام سرور خان کے قومی اسمبلی میں بیان کی وجہ سے پی آئی اے پر یورپ میں فلائیٹوں پر پابندی لگ گئی ۔ پائلٹس کے جعلی لائسنس کی شفاف تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے اور غلام سرور کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ہائیکورٹ نے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کو ہٹانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا عدالت غلام سرور خان کے بیانات کا معاملہ ایگزیکٹو پر چھوڑتی ہے ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 8 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں وفاقی وزیر کیخلاف ایکشن وزیر اعظم کا اختیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وفاقی وزیر کے بیان سے ملک کا نقصان ہوا تو ایکشن لینا وزیر اعظم کا اختیار ہے ۔ آرٹیکل 199 کے تحت اپنا اختیار استعمال کر سکتے ہیں لیکن تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔