اسلام آباد ،لندن (وقائع نگار، نیٹ نیوز) برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے رابطہ کرکے پی آئی اے میں اصلاحات اور تازہ صورتحال پر بات چیت کی۔ٹویٹر بیان میں ناز شاہ کا کہنا تھا خوشی ہے وزیراعظم عمران خان پی آئی اے کے معاملے پر فرنٹ فٹ پر ہیں اور انکی قیادت میں ادارہ میں واضح تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ناقص کارکردگی پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے ایوی ایشن اور مسافروں کیلئے " سیفٹی فرسٹ" کو اپنایا جا رہا ہے ۔اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا پاکستان کے بارے میں مثبت سوچ اپنانے پر شکر گزار ہوں،وزیراعظم دباؤ کی پروا کئے بغیر پی آئی اے کے معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں، پائلٹس کے لائسنسز سے متعلق تحقیقات لیکس نہیں کی گئیں،وزیراعظم صرف ایوی ایشن کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہتے ہیں اور کسی بھی ذمہ دار لیڈر کی طرح صرف مسافروں کی حفاظت وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے ۔