اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیراعظم عمران خان آج چین کے 4 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی صدر، وزیراعظم اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرینگے ۔ دورہ چین کے دوران سی پیک سے متعلق بھی اہم پیش رفت کا امکان ہے ، توانائی، ہائوسنگ، ریلوے سمیت مختلف شعبوں میں معاہدے ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ،وزیرریلوے شیخ رشید،وزیرمنصوبہ بندی خسروبختیار ،وزیربحری امورعلی زیدی،مشیرتجارت رزاق داؤد،وزیرتوانائی عمرایوب،زلفی بخاری ہمراہ ہونگے ۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی جاپان سے چین پہنچ گئے ہیں۔وزیراعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی اور مصر،ازبکستان،روس،ایتھوپیا ،سوئٹزرلینڈ،بیلاروس ،انڈونیشیا کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کرینگے ۔وزیراعظم کے اعزاز میں پاک چین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن ظہرانہ دے گی۔26 اپریل کو چینی صدر وزیراعظم عمران خان ودیگر سربراہان کے اعزاز میں عشائیہ دینگے ۔27 اپریل کو وزیراعظم انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر جائینگے جہاں چینی صدر ان کے میزبان ہونگے ۔اتوار کو وزیراعظم کی چینی صدر شی چن پنگ ، وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں ہونگی۔آن لائن کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دورہ چین کے دوران آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات طے ہوگئی۔