کراچی(سٹاف رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان آج کراچی کا ایک روزہ دورہ کرینگے اور حب میں پاور پلانٹ کا افتتاح کرینگے ۔ وزیراعظم سے گورنرسندھ،ایم کیوایم اور جی ڈی اے کے وفود بھی ملاقات کرینگے ۔وفاقی حکومت اورسندھ حکومت کے درمیان دوریاں برقرار ہیں۔وزیراعظم کے دورہ کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو مدعو نہیں کیاگیا اور نہ ہی وزیراعظم سے وزیراعلیٰ کی غیر رسمی ملاقات کا کوئی منصوبہ ہے ۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم کے دورہ کراچی میں وزیراعلیٰ کو مدعو نہ کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کو سرکاری طور پر وزیراعظم کے دورہ کراچی سے متعلق آگاہ نہیں کیاگیا اور نہ ہی صوبے کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کی شکست پر کپتان بھی خوشی سے نہال ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پی ایس 11کے ضمنی الیکشن میں صوبائی حکمراں جماعت کو پچھاڑنے والے جی ڈی اے کے معظم علی عباسی کو ملاقات کیلئے آج گورنرہاؤس میں بلوالیاہے ۔