اسلام آباد ( 92 نیوزرپورٹ) وزیراعظم عمران خان دنیا میں جہاں بھی گئے کشمیر اور اہل کشمیر کی آواز بن گئے ۔مسئلہ کشمیر پر سوئی ہوئی اقوام عالم کو جگانے میں عمران خان کافی حد تک کامیاب رہے ہیں جبکہ مودی حکومت کو عالمی سطح پرمنہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی ۔ معروف عالمی جریدے ہوں یا ٹی وی چینلز ، مقبوضہ کشمیر شہ سرخیوں میں ہے ، وزیراعظم عمران کا بین الاقوامی میڈیا کو دیا گیا کوئی بھی انٹرویو ہو، انہوں نے پہلی بات مسئلہ کشمیر پر ہی کی ،نازی مودی ، فاشسٹ مودی عالمی سطح پر یہ نعرے گونج رہے ہیں تو اس کا سہرہ بھی عمران خان کے ہی سر ہے ، اقوام متحدہ میں عمران خان کے مقبوضہ کشمیر کے بارے خطاب نے پوری دنیا کی توجہ اس اہم حل طلب مسئلے کی جانب مبذول کرائی ،ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم پر عمران خان نے ایک بار پھرمسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ، سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقاتوں کا محور بھی مسئلہ کشمیر رہا۔ امریکی صدر سے لے کر مغربی میڈیا تک ہر کسی کی زبان پر کشمیر کا ذکر رواں ہے ،یہ وزیراعظم عمران خان کی خارجہ پالیسی کا ہی ثمر ہے کہ 6 ماہ کے دوران دوسری مرتبہ سلامتی کونسل کا کشمیر کی صورتحال پراجلاس بلایا گیا ، آج پوری دنیا کشمیر کے مسئلے اور اسکی اہمیت سے واقف ہوچکی ہے ۔