پشاور، اسلام آباد (خبرنگار، اے پی پی ) وزیر اعظم عمران خان آج پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کا افتتاح سہ پہر 3بجے کریں گے ، بی آرٹی سروس صبح6 بجے سے رات 10بجے تک چلے گی، بی آر ٹی کی نگرانی کیلئے 750سکیورٹی کیمرے نصب کئے گئے جبکہ روٹ27.5کلومیٹرطویل ہے ، بی آر ٹی منصوبہ کے 8کلومیٹر فلائی اوورزاور 3کلومیٹر انڈر پاسز پرمشتمل ہے ،زو کارڈ کے علاوہ ٹکٹ بھی دستیاب ہوں گے ۔ دریں اثنا وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج احساس نشوونما پروگرام کا باقاعدہ اجراکریں گے ،وزیراعظم خیبر پختونخواکے قبائلی ضلع خیبرمیں نشوونما مرکز کا دورہ کریں گے ۔بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے کہا کہ پاکستان میں بچوں میں سٹنٹنگ کامسئلہ ہمیشہ سے وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں شامل رہاہے ۔ نشوونما پروگرام کے ذریعے حاملہ اوردودھ پلانیوالی مائوں اور6 ماہ سے 2 سال کی عمر تک کے بچوں کے لیے صحت بخش اضافی غذا کے ساشے مفت تقسیم کئے جائیں گے ۔