لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ،نامہ نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ) مسلم لیگ (ن) ن کہا ہے کہ وزیراعظم سے حکومت نہیں چلتی، پی ٹی آئی میں ٹوٹ پھوٹ بڑھے گی۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے عوام کے لئے رمضان ریلیف پیکج فوری دینے کا مطالبہ کر دیا،انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور اب تک نااہل حکومت رمضان پیکج بھی عوام کو نہیں دے سکی ،افسوس اور نااہلی کی انتہا ہے کہ اب تک عوام کو رمضان ریلیف پیکج کی فراہمی میں حکومت ناکام ہے ، عمران نیازی کم ازکم رمضان میں تو عوام کی بددعائوں سے بچیں ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما محمد زبیر نے کہا کہ وزیراعظم کی باتوں پر ہنسی آتی ہے ، ایسا نہیں لگتا کہ وہ پاکستان سے متعلق بات کررہے ہیں، ترقی کی شرح نمو خطے میں سب سے کم، سرمایہ کاری کے لئے کوئی آنے کو تیار نہیں، عالمی بینک کی رپورٹ چشم کشا ہے ، حکومت کو مریم نواز کا خوف ہے ، پنجاب حکومت گرانا مسئلے کا حل نہیں ۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم سے حکومت نہیں چلتی وہ صرف خواتین کو روک سکتے ہیں، ڈسکہ کے عوام کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ 10 اپریل کو گھروں سے نکلیں اور الیکشن چوری کرنے والوں کا مقابلہ کریں اور اپنا بدلہ لیں ،جھوٹا وزیراعظم ملک پر مسلط ہے ، ان کا اور تمام کرائے کے ترجمانوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں ۔ احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کی موجود گی سے سمجھ لیں وفاقی اور پنجاب حکومتیں جہانگیر ترین کی جیبوں میں ہیں، وہ جب چاہیں ان کا دھڑن تختہ کر دیں ، حکومت گرانے کیلئے انہیں جہاز گھمانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ترین نے ہم سے رابطہ کیا تو پارٹی پالیسی کے مطابق فیصلہ کریں گے ۔