لاہور (92 نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کر کے صوبائی حکومت کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی ۔ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ان سے ملاقات کر کے صوبے کے انتظامی اور سیاسی امور بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو صوبائی حکومت کی دو سالہ کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی ۔ وزیراعظم کی زیر صدارت راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار، مشیر وزیر اعظم شہزاد اکبر، معاون خصوصی ذوالفقار بخاری، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، چیئرمین راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ راشد عزیز اور سینئر افسران شریک تھے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق چیئرمین راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ نے اجلاس کو منصوبے کی ٹائم لائنز، منصوبے میں بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی دلچسپی، انفراسٹرکچر کے حوالے سے ریگولیشن اور تنظیمی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے منصوبے کی تکمیل میں اعلیٰ بین الاقوامی تعمیراتی معیار، ماحول کے تحفظ، لاہور میں پانی کی کمی اور آبی آلودگی کا مستقل حل یقینی بنانے کیساتھ منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا حکومتی اقدامات کی بدولت تعمیرات کے شعبے کو حوصلہ افزافروغ حاصل ہوا ہے ۔ وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی منصوبے میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا لاہور کے رہائشیوں اور سمندر پار پاکستانیوں کیلئے یہ منصوبہ شاہکار ہو گا۔ وزیراعظم نے منصوبے کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر کرنے اور اس ضمن میں کسی بھی انتظامی رکاوٹ کو فوری دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ان کو منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھا جائے ۔ ذرائع کے مطابق راوی ریور اربن منصوبے کی باضابطہ تقریب 15ستمبرکو منعقد کرنے کافیصلہ کیاگیا ہے ۔وزیراعظم تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی کی گڈگورننس کمیٹی کااجلاس بھی ہوا،صوبائی وزرا فیاض چوہان،مرادراس،یاسمین راشد،انصرمجیدنیازی اور دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں پارٹی کی بہتری اورگورننس سے متعلق اقدامات کاجائزہ لیاگیا۔ کمیٹی نے اجلاس میں وزیراعظم کوسفارشات پیش کیں۔بعدازاں ایک روزہ دورہ لاہورمکمل کرنے کے بعدوزیراعظم واپس اسلام آبادچلے گئے ۔