اسلام آباد(خبر نگار خصوصی،92نیوزرپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی بہن شبنم گل کو ڈائریکٹر نیکٹا تعینات کیے جانے کے معاملے کا نوٹس لے لیا ۔وزیراعظم نے زرتاج گل کو وزارتِ داخلہ کولکھا گیا خطواپس لینے کا حکم دیدیاجس کے بعد وزیرمملکت زرتاج گل نے اپنی بہن کی تقرری کیلئے وزارت داخلہ کے افسرکو لکھا گیاخط واپس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نعیم الحق نے بتایا کہ وزیراعظم نے زرتاج گل کو نیکٹا کے نام لکھا گیا خط واپس لینے کا حکم دیا ہے ۔نعیم الحق نے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ تحریک انصاف حکومت نے ہمیشہ اقرباء پروری کی مخالفت کی ۔ پی ٹی آئی حکومت میں کوئی بھی شخص اپنے اختیارکو استعمال کر کے اپنے رشتہ داروں یا احباب کو ترقی نہیں دلوا سکتا۔ادھر معاملے پر وضاحتی بیان میں ترجمان نیکٹا نے کہاکہ شبنم گل کی تعیناتی سے متعلق زرتاج گل نے نیکٹاکوکوئی خط نہیں لکھا،ترجمان نے کہاکہ وزیرمملکت زرتاج گل کے پرنسپل سٹاف افسرنے سیکرٹری وزارت داخلہ کوخط لکھا تھا۔دوسری جانب وزارت موسمیاتی تبدیلی نے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ کر 27فروری کو زرتاج گل کے پرنسپل سٹاف افسر کی جانب سے لکھے گئے خط کی واپسی سے آگاہ کردیا،انہوں نے لکھا کہ زرتاج گل کی جانب سے خط کا مقصدصرف سی وی کی نشاندہی کرناتھا،خط کے ذریعے اقرباپروری یادبائو ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی۔دریںاثناء ایک ٹویٹ میں وزیرمملکت زرتاج گل کی بہن شبنم گل نے کہاہے کہ انکی ڈیپوٹیشن پر بطورڈائریکٹرنیکٹاتقرری کو متنازعہ نہ بنایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ اگروزیراعظم عمران خان سمجھتے ہیں کہ میری سلیکشن میرٹ کے برعکس ہے تو یہ عہدہ چھوڑنے کو تیار ہوں۔انہوں نے کہاکہ نیکٹا میں تعیناتی میرٹ کے بغیر ہونا ممکن نہیں۔میں19 گریڈ افسر کا تجربہ رکھتی ہوں، انسداد دہشتگردی میں ایم فل کیا ہے ، پی ایچ ڈی کا تھیسس کلیئر کر چکی ہوں، تعیناتی اشتہار کے مطابق ہوئی،تمام چیزیں ریکارڈ پر موجود ہیں۔