پشاور ، لاہور،ملتان (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ خصوصی سے ) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے عجلت میں باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور کے نا مکمل توسیعی منصوبہ کا افتتاح کردیا جبکہ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ لاہور کے نامکمل توسیع منصوبہ کا افتتاح کرینگے ۔ ذرائع کے مطابق باچاخان ایئرپورٹ پر بورڈنگ برج اور وی آئی پی لائونج مکمل نہ ہوسکا، پارکنگ کا کام بھی باقی ہے ، ڈومیسٹک لائونج کھول دیا گیا لیکن انٹرنیشنل لائونج پر تاحال کام جاری ہے ، ایک ارب 80 کروڑ کا منصو بہ کی لاگت تاخیر کے باعث 2ارب 40 کروڑ ہوگئی ۔علاوہ ازیں علامہ اقبال ایئرپورٹ کا 47ارب سے زائد کا توسیعی منصوبہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی معزولی کے باعث تاخیر کا شکار رہا۔ منصوبہ کے شروع ہونے سے قبل موجودہ حکمرانوں کی پسند وناپسند کی بنا پر ڈی گرائونڈ پارکنگ کا نقشہ بھی کئی بار تبدیل کر نا پڑا۔ ایک سال گزر جانے کے باوجود بھی منصوبہ کا 5فیصد کام بھی نہ ہو سکا ۔ عارضی پارکنگ تو بن گئی لیکن شٹل سروس تا حال نہیں چلائی جا سکی ۔ اب موجود ہ وزیر اعظم اپنی حکومت کی مدت پوری ہونے سے ایک دو روز قبل نامکمل منصوبہ کا افتتاح کردینگے جبکہ ایئر پورٹ بلڈنگ، اپرن، پارکنگ کا کام ابھی شروع ہی نہیں ہوا۔ وزیر اعظم کی صرف تختی لگوا کر حکومت آئندہ الیکشن میں اپنی کاکردگی ظاہر کریگی ۔ وزیر اعظم کل امامیہ کالونی فلائی اوور منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ 1ارب62کروڑ روپے کی لاگت سے امامیہ کالونی فلائی اوور منصوبہ 18ماہ میں مکمل کیا جائیگا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 26 مئی کو ملتان کا دورہ کرینگے جس کیلئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ مزید برآںوزیراعظم نے باچاخان ایئر پورٹ کی تزئین و توسیع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی میں مضبوط انفرا سٹرکچر بنیادی اہمیت کا رکھتا ہے ، ہم پشاور کو عالمی معیار کا ایئر پورٹ دینے میں کامیاب ہوئے ۔دریںاثنائوزیراعظم سے چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام لیلیٰ خان کے ہمراہ یوتھ ٹریننگ سکیم کے انٹرینز نے ملاقات کی۔ شاہد عباسی جمعہ کو شیخوپورہ جائینگے جہاںوہ ما نانوالہ میں سوئی گیس منصوبے اور کا لا شاہ کا کو میں ایسٹرن با ئی پاس کا افتتاح کرینگے ۔ وزیراعظم سے کہوٹہ کے معززین کا وفد بھی ملا ۔ ادھر وزیراعظم نے ملائیشیائی ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد کو ٹیلیفون کیا اور انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ڈاکٹر مہاتیر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔