لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران اشرافیہ اور ملک کے عوام کی دو الگ الگ دنیا ہیں، ایک وسائل پر قابض دوسرا محروم ہے ، وزیراعظم عمران خان نے مدینہ کی ریاست کے نام پر عوام سے بڑا دھوکہ کیا جس کا جواب انہیں دینا پڑے گا، عوامی نمائندوں کو غریب کا کوئی احساس نہیں، وزیراعظم اور ان کی ٹیم ٹی وی پر بیٹھ کر روزانہ قوم کو دھوکہ دیتے ہیں، حکومت نے تین سالوں میں عوام کومصیبت اور پریشانی کے سوا کچھ نہیں دیا، وزیراعظم نے ایک بھی وعدہ پورا کیا تو سامنے لائیں، پی ٹی آئی کی خارجہ پالیسی کمزور ی اور بے بسی کا نشان بن کر رہ گئی،قوم انگریزوں کے بعد ان کے ایجنٹوں کی غلامی میں ہے ، عدلیہ آزاد ہے نہ میڈیا، جماعت اسلامی عوام کی مدد سے ملک میں نظام مصطفیؐ لائے گی۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے سابق ممبر قومی و صوبائی اسمبلی و امیر جماعت اسلامی سرگودھا جاوید اقبال چیمہ کی سرگودھا میں نماز جنازہ میں شرکت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے جاویداقبال چیمہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔سراج الحق نے کہاکہ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے جان چھڑائے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل اور پریشانیوں کے حل کیلئے حقیقی معنوں میں مدینہ کی ریاست قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ مزید برآں نائب امرا جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ڈپٹی سیکرٹری اظہر اقبال حسن، سید وقاص جعفری، محمد اصغر، جماعت اسلامی کے رہنما حافظ ادریس اور دیگر قیادت نے جاوید اقبال چیمہ کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔