اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں عشایئے پر ہونی والی ملاقات میں عمران خان نے پاکستانی عازمین حج اور سعودی عرب میں روزگار کی تلاش میں گئے پاکستانیوں کا مقدمہ احسن انداز میں پیش کیا جس پر سعودی ولی عہد نے کہا کہ ہم پاکستان کو اس معاملہ میں انکارنہیں کرسکتے لہذا اپ سعودی عرب میں مجھے اپنا سفیر ہی سمجھیں۔ ان کلمات پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ عشایئے پر ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے مابین مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوتا رہا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران دکھی انداز میں کہا کہ سعودی عرب میں مزدوری کے لئے گئے پاکستانی میرے دل کے بہت قریب ہیں انہوں نے سعودی ولی عہد سے درخواست کی کہ ان پاکستانیوں کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں ، عمران خان نے کہا سعودی عرب کی جیلوں کے اندر معمولی جرائم کی پاداش میں تین ہزار پاکستانی قید ہیں لہذا ان کے لئے بھی آپ خصوصی شفقت فرماہیں جس پر ولی عہد نے کہا کہ میں خود اس معاملے کو دیکھوں گا۔وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے حاجیوں کو پاکستان میں ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کرنے اور قیدیوں کی رہائی کی درخواست کی، جس پر محمد بن سلمان نے کہا کہ پاکستان کو انکارنہیں کرسکتے ،وزیراعظم آپ مجھے سعودی عرب میں اپنا پاکستانی سفیر سمجھیں،25 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں جو روزگار کے سلسلہ میں مختلف شہروں میں آباد ہیں۔