لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)وزیر اعظم نے مسلم اور ہندو اوقاف کی املاک پر قبضوں کا نوٹس لے لیا۔وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ اور سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب آج وزیر اعظم کی زیر صدات اجلاس میں شریک ہوں گے جس میں وقف املاک کی بہتر حفاظت اور ان کی مستقبل میں بہتر یوٹیلائزیشن کے بارے میں اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کچھ عرصہ قبل متروکہ وقف املاک بورڈ کی لاہور سمیت ملک بھر میں مندروں، گوردواروں کے نام پر موجود وقف املاک کے ساتھ ساتھ حکومت پنجاب کے خود مختار ادارے وقاف و مذہبی امور پنجاب کی مختلف مساجد، مدارس اور مزارات کے نام پر وقف املاک پر قبضوں کی بابت رپورٹس طلب کیں جو وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے ذیلی ادارے متروکہ وقف املاک بورڈ کے پاس موجود ہندو وقف املاک کے علاوہ حکومت پنجاب کے ذیلی ادارے اوقاف پنجاب کے پاس مسلم وقف املاک پر گزشتہ سالوں کے دوران قبضہ مافیا کے ہاتھ صاف کرنے کی بابت اعدادوشمار سامنے آنے پر وزیر اعظم عمران خان نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کے علاوہ سیکرٹری اوقاف پنجاب اعجاز احمد کو بھی طلب کر لیا ۔ذرائع کے مطابق اس ضمن میں آج اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت وزیراعظم کریں گے اور اجلاس میں مسلم اور ہندو اوقاف کی وقف املاک بالخصوص زرعی، کمرشل زمینوں کی مستقبل میں بہتر یوٹیلائزیشن کے بارے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔